۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان / فکر امام خمینی رح سیمینار

حوزہ / اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ڈویژن حیدرآباد کی جانب سے بتاریخ 09 جون 2023ء کو بھٹ شاہ سندھ میں حضرت آیت اللہ روح اللہ الموسوی خمینی رح کی 34ویں برسی کی مناسبت سے "فکر امام خمینی رح سیمینار" کا پروگرام منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ڈویژن حیدرآباد کی جانب سے بھٹ شاہ سندھ میں حضرت آیت اللہ روح اللہ الموسوی خمینی رح کی برسی کی مناسبت سے "فکر امام خمینی رح سیمینار" کا پروگرام منعقد ہوا۔ جس سے حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا مجاور عباس، مرکزی جنرل سیکریٹری ذوالقرنین حیدر اور ڈویژنل صدر سید دانیال کاظمی نے خطاب کیا۔

حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا مجاور عباس نے کہا: گذشتہ ایک صدی میں اخلاق، عرفان اور سیاست میں امام خمینی (رح) ایک نامور شخصیت ہیں، امام خمینی (رح) اپنی زندگی میں ہمیشہ خدا پر توکل کیا کرتے تھے اور یہی چیز باعث بنی کہ وہ خدا کی نصرت اور ملت ایران کے ساتھ دینے کی وجہ سے نظام شہنشاہی کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ امام خمینی (رح) خالی ہاتھ اور صرف ملت ایران کی حمایت سے پہلوی حکومت کی بساط لپیٹ دیں گے لیکن امام خمینی (رح) نے اس ناممکن کو ممکن بنا دیا۔

انہوں نے مزید کہا: امام خمینی (رح) کی سیاسی، اخلاقی اور دینی سیرت سے جوان نسل کو آگاہ کرنا انتہائی ضروری ہے، دشمن، اسلام اور بالخصوص علماء اور دیندار لوگوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں اپنے اتحاد و وحدت سے دشمن کو ہرگز یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ اسلام کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی سازش کر سکے۔ دشمن نے عمل سے ثابت کیا ہے کہ اس کی مشکل "اسلام" ہے اور اس دشمنی میں اس کے لئے شیعہ اور اہل سنت کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔

مرکزی جنرل سیکریٹری ذوالقرنین حیدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا: امام خمینی رح ہمیشہ اپنے وقت کا خاص خیال رکھتے تھے جہاں بھی وقت ملتا تھا وہاں پر قرآن کی تلاوت کرتے تھے۔ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کا خلوص اور خدا کے ساتھ ان کے تقرّب، اسی طرح عوام کی پر خلوص جدو جہد کے نتیجے میں ہم آج اس مقام پر ہیں۔ اگر ہمارا مقصد وہی ہے جو امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کا مقصد تھا تو ہمارے وسائل و ذرائع بھی وہی ہونے چاہئے جو امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے تھے۔ خدا سے طلب نصرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کا وسیلہ تھا، تو آئیے ہم بھی خدا سے مدد مانگتے ہیں۔ یہ کام صرف زبان سے نہیں ہوسکتا بلکہ اس کے لئے عمل میں خلوص اور ترک گناہ شرط ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .